رائے پور ،10؍ نومبر (آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں رمن سنگھ کی حکومت نے ریاست سے نکسل وادکو ختم کر دیا ہے اور اسے بجلی اور سیمنٹ کی پیداوار کے مرکز کے طور پر تیار کیا ہے۔کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ نکسل ازم کی حمایت کرنے والی پارٹی چھتیس گڑھ کے لیے کچھ نہیں کرسکتی۔شاہ نے بھروسہ دلایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست میں اس مہینے ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے مسلسل چوتھی بار حکومت بنائے گی۔12 نومبر کو ہونے والے پہلے مرحلے کے انتخابات سے پہلے پارٹی کا منشور جاری کرنے کے بعد شاہ نے کہاکہ وزیر اعلی رمن سنگھ کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے نکسل واد کو کنٹرول کیا ہے اور ریاست کو اس سے تقریبا آزاد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بیمار و ریاست (اقتصادی طور پر پسماندہ ریاست) میں شمار کیا جانے والا چھتیس گڑھ اب بجلی اور سیمنٹ کی پیداوارکا مرکز بن بن گیا ہے۔انہوں نے ریاست کی ترقی کے لئے شروع کی گئی مختلف فلاحی اسکیموں کے لئے رمن سنگھ حکومت کی تعریف کی۔شاہ نے کہاکہ گزشتہ 15 برسوں سے ریاست کی ترقی کے لئے کام کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔مجھے یقین ہے کہ بی جے پی مسلسل چوتھی بار جیت درج کرکے حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کئی فلاحی اسکیموں کا آغاز کیا ہے اور مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو بدعنوانی سے پاک بنایا ہے۔90 رکنی چھتیس گڑھ اسمبلی کا انتخاب دو مراحل میں 12 اور 20 نومبر کو ہوگا۔انتخابات کے نتائج کا اعلان 11 دسمبر کو کیا جائے گا۔